ایران کی نئی حکمت عملی، اسرائیلی دفاعی نظام ایک دوسرے کو نشانہ بنانے لگے

شائع June 16, 2025
پاسداران انقلاب نے اسرائیل کے کثیر الجہت دفاعی نظام کو درہم برہم کرنے کیلئے نئے طریقے استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے— فوٹو: انادولو
پاسداران انقلاب نے اسرائیل کے کثیر الجہت دفاعی نظام کو درہم برہم کرنے کیلئے نئے طریقے استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے— فوٹو: انادولو

ایران کے پاسداران انقلاب نے پیر کو اسرائیل کے خلاف آٹھویں مرحلے کی کارروائی کے دوران اسرائیل کے کثیر الجہت دفاعی نظام کو درہم برہم کرنے کے لیے نئے طریقے استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی دفاعی نظام ایک دوسرے کو ہی نشانہ بنانے لگے۔

ترک نشریاتی ادارے ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس تازہ اور پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور تباہ کن حملے میں جدید انٹیلی جنس اور ساز و سامان استعمال کیا گیا، جس کے باعث اسرائیلی دفاعی نظام میں شدید خلل پیدا ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن کے کثیر الجہتی دفاعی نظام کو اس طرح ناکارہ بنایا گیا کہ صہیونی حکومت کے دفاعی نظام خود ایک دوسرے کو نشانہ بنانے لگے۔

پاسداران نے کہا کہ اُن کی تکنیکی جدت کے باعث امریکی اور مغربی حمایت یافتہ اسرائیلی دفاعی ٹیکنالوجی کے باوجود زیادہ تر میزائل اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔

ایران نے اس کارروائی کو اپنے شہید کمانڈرز سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل قرار دیا اور کہا کہ یہ ثابت ہو گیا کہ اسلامی ایران کے خلاف صہیونی دشمن اور امریکیوں کے تمام عسکری و تزویراتی حساب کتاب مکمل طور پر غلط ثابت ہوئے ہیں۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ جعلی صہیونی ریاست کے اہم اہداف پر موثر، ہدف شدہ اور زیادہ تباہ کن حملے جاری رہیں گے، یہاں تک کہ اُس کا کُلی طور پر خاتمہ ہو جائے۔

ایرانی حملوں کے نتیجے میں پیر کے روز درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ دونوں میں ملکوں میں کشیدگی اُس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب جمعے کو علی الصبح اسرائیلی فورسز نے ایران کے جوہری اور میزائل مراکز پر حملے کر کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور سائنسدانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 جون 2025
کارٹون : 17 جون 2025