ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران اسرائیل جنگ میں امریکی شمولیت کا عندیہ

شائع June 15, 2025
فوٹو: اے بی سی نیوز
فوٹو: اے بی سی نیوز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اسرائیل جنگ میں امریکا کے شامل ہوجانے کا عندیہ دے دیا۔

امریکی ٹیلی ویژن چینل اےبی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ( ایران پر) فوجی حملوں میں ملوث نہیں ہے، لیکن ’ یہ ممکن ہے کہ ہم شامل ہو جائیں۔’

امریکی صدر نے ایران اسرائیل جنگ میں ثالثی کے حوالے سے کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کو اس تنازع میں ثالثی کا کردار دینے کے لیے تیار ہیں، اور یہ تجویز خود پوتن نے ہفتے کے روز فون کال میں دی تھی۔

ایران پر اسرائیل کے تازہ ترین حملے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ حملے واقعی بہت تباہ کن تھے، انہیں (اسرائیل کو) بھی نشانہ بنایا گیا، لیکن بنیادی طور پر یہ ایران پر بہت شدید حملہ تھا۔

ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کسی ڈیڈ لائن سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ’ نہیں، کوئی ڈیڈلائن نہیں ہے، لیکن وہ بات چیت کر رہے ہیں، وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، وہ مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔’

انہوں نے کہا کہ’ ایسی کوئی چیز ہونی ہی تھی، میرے خیال میں دونوں طرف سے، لیکن کچھ ایسا ہونا ضروری تھا، وہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، اور وہ بات چیت کریں گے۔’

امریکی صدر سے جب دوبارہ پوچھا گیا کہ کیا مذاکرات ختم ہو چکے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ’ مجھے یقین ہے کہ اس سے معاہدہ ممکنہ طور پر جلد ہو سکتا ہے ، شاید اس ( جنگ ) نے معاہدے کو تیز کر دیا ہو۔’

اس سوال پر کہ کیا امریکا اس تنازعے میں مزید شامل ہوگا؟ صدر ٹرمپ نے کہا:’ ہم اس ( تنازع) میں شامل نہیں ہیں، لیکن یہ ممکن ہے کہ ہم شامل ہو جائیں۔’

اس سوال کے جواب میں کہ کیا پوتن ثالث بن سکتے ہیں؟ ٹرمپ نے کہا کہ’“ہاں، میں اس کے لیے تیار ہوں، وہ ( پوتن ) بھی تیار ہیں، انہوں نے مجھے اس بارے میں فون کیا تھا، اور ہم نے اس سلسلے میں کافی طویل گفتگو کی، یہ ( تنازع) ایک ایسی چیز ہے جس کے بارے میں میرا ماننا ہے کہ اس کا حل نکل آئے گا۔’

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025