کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور 53 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

شائع June 13, 2025
— فائل فوٹو: منی کنٹرول
— فائل فوٹو: منی کنٹرول

بولی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور معروف بھارتی صنعت کار سنجے کپور 53 سال کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے کپور لندن کے نواحی علاقے میں واقع گارڈز پولو کلب میں پولو کھیلتے ہوئے اچانک گر پڑے، انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

رپورٹ میں بتایا جارہا ہے کہ انہیں پولو کے میچ کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا۔

سنجے کپور آٹو موبائل کمپنی ’سونا کومسٹار‘ کے چیئرمین تھے، جو عالمی سطح پر آٹو پارٹس فراہم کرنے والی ایک معروف کمپنی سمجھی جاتی ہے۔

وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت تھے، جنہوں نے ایم آئی ٹی اور ہارورڈ بزنس اسکول سے تعلیم حاصل کی تھی۔

سنجے کپور اور کرشمہ کپور کی شادی 2003 میں ہوئی تھی، تاہم باہمی اختلافات کے باعث 2016 میں اُن کی طلاق ہوگئی، اُن کے دو بچے بیٹی سمیرا اور بیٹا کیان ہیں۔

وفات سے چند گھنٹے قبل سنجے کپور نے سوشل میڈیا پر احمد آباد میں پیش آنے والے طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کیا تھا، جس کی پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

سنجے کپور کی اچانک وفات پر بھارتی فلم انڈسٹری سمیت کاروباری حلقوں میں گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

کرشمہ کپور کے گھر تعزیت کے لیے کرینہ کپور، سیف علی خان، ملائکہ اروڑہ سمیت متعدد قریبی رشتہ دار اور دوست پہنچے۔

سنجے کپور کی آخری رسومات لندن میں ادا کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025