ویڈیو: ایئر انڈیا حادثہ، سیٹ ’11 اے‘ کا مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا
بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ شہری آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 200 سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 افراد سوار تھے۔
تاہم، چند میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ طیارے میں سوار 241 مسافر ہلاک ہوچکے ہیں اور ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا جس نے حادثے سے پہلے ایمرجنسی گیٹ سے چھلانگ لگالی تھی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق لندن جانے والے ایئر اندیا کے بوئنگ 787 کے پائلٹ نے اڑان بھرتے ہی مے ڈے کی کال دی، جہاز میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہری سوار تھے۔
ایئر انڈیا کی فلائٹ ’اے آئی 171‘ کی سیٹ نمبر ’11 اے‘ پر بیٹھا رامیش ویشواس کمار بچراواڑا اس حادثے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا، 38 سالہ رامیش ویشواس ایمرجنسی گیٹ کے بالکل پیچھے والی سیٹ پر موجود تھا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو حادثے کے چند ہی لمحات بنائی گئی جس میں رامیش کو ایمبولینس کی جانب سے چلتے ہوئے دکھایا گیا جب کہ آس پاس موجود لوگ ان سے حادثے سے متعلق پوچھ رہے ہوتے ہیں۔
احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے میں ایک مسافر زندہ بچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو سیٹ 11 اے کا مسافر زندہ حالت میں ملا ہے جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، چونکہ طیارہ رہائشی علاقے میں گرا ہے، اس لیے اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایمرجنسی ایگزٹ کے قریب سیٹ 11 اے
طیاروں کے نشستوں کے نقشے فراہم کرنے والے ایک آن لائن پلیٹ فارم ’ایرو لوپا‘ کے مطابق ایئر انڈیا کے بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر طیاروں میں سیٹ 11 اے اکانومی کلاس کے پہلے قطار میں ہوتی ہے، یہ ایک کھڑکی والی سیٹ ہے جو طیارے کے دائیں جانب اور پروں سے 2 قطار آگے ہوتی ہے۔
سیٹ ’11 اے‘ ایمرجنسی گیٹ کے بالکل پیچھے واقع ہے، جو ہنگامی حالات میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
احمد آباد پولیس کمشنر کے مطابق حادثے میں 204 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔