کوئی میڈیا مینجمنٹ نہیں کی، کام میں جدت لا کر کارکردگی دکھائی، مریم اورنگزیب
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم نے کوئی میڈیا مینجمنٹ نہیں کی بلکہ کام میں جدت لاکر کارکردگی دکھائی ہے۔
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی مثالی ہے جسے عوام نے پذیرائی دی۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں نے الزام لگایا کہ ہم نے میڈیا مینجمنٹ کی، حالانکہ ایسا نہیں ہے بلکہ کام کرکے دکھایا ہے اور کام میں جدت لاکر کارکردگی دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبے بھی اپنے کام میں جدت لائیں، ہمارے اوپر تنقید نہ کریں، ستھرا پنجاب صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پراجیکٹ ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عید پر مختلف تحصیلوں کا دورہ کیا، دیگر صوبے ہمارے اچھے کاموں کو دیکھ کر ِاسے اپنائیں، بجٹ 2025-26 میں پانی، سیوریج صفائی کے نئے منصوبہ لا رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صفائی مہم میں شریک مزدوروں کو اُن کی محنت کا انعام دیں گی، عید پر پنجاب کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن جاری رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار صفائی کی ڈیجیٹل انداز میں نگرانی کی گئی، اگر کسی جگہ سے آلائشیں نہیں اٹھائی جاتیں تو فیڈ بیک دیا جا سکتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے بھر سے آلائشیں اٹھا کرعرقِ گلاب اور چونا ڈالا گیا، جتنی آلائشیں اٹھائی گئیں، پورے آپریشن کو سیف سٹی کے ذریعہ مانیٹر کیا گیا، ہر تحصیل نے اپنا ڈیٹا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا اگلا قدم عید پر جمع کئے گئے کچرے کو انرجی میں بدلنے کا ہے، آج پورا پاکستان وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو شاباش دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی مرتضی وہاب نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کہیں گئی نہیں لیکن صاف ستھرا پنجاب نظر آرہا ہے، یہ ان کی مینجمنٹ ہے لیکن میرے پاس کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں اتنے وسائل نہیں ہیں۔