فیصل آباد: عید کے موقع پر لرزہ خیز واقعہ، دیرینہ دشمنی پر 3 افراد قتل
فیصل آباد میں عید کے موقع پر لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، چک جھمرہ کے علاقے میں دیرینہ دشمنی پر 3 افراد قتل کردیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ میں سابقہ دشمنی کی بنا پر مخالفین کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مقتولین مویشی فروخت کرنے کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
مقتولین کی شناخت 19 سالہ تقی عباس، 35 سالہ محمد خان اور 40 سالہ ناصر کے ناموں سے ہوئی، تہرے قتل کی واردات کے بعد ملزمان موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس پی مدینہ ٹاؤن، ڈی ایس پی نشاط آباد سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے لیں اور تحقیقات شروع کردیں۔